ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا،مرکز امن بحال کرنے کی کوشش کررہاہے: راج ناتھ

تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا،مرکز امن بحال کرنے کی کوشش کررہاہے: راج ناتھ

Fri, 09 Sep 2016 19:26:08  SO Admin   S.O. News Service

 

پنجی، 9 ؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ کشمیر میں امن اور حالات معمول پرلانے کے لئے حکومت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے گی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے لئے طویل بدامنی کو برداشت کرنا کافی مشکل ہے۔پٹرول شپ آئی سی جی کا آغاز کرتے ہوئے سنگھ نے نامہ نگاروں سے کہا کہ حکومت وہاں(کشمیر میں)صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہی ہے،لوگوں سے بحث ہوئی ہے،کل جماعتی وفد کے اجلاس کے بعد لوگوں کے خیالات میں تبدیلی آئی ہے۔وزیر نے کہا کہ حکومت کل جماعتی وفد کی سفارشات پر کام کر رہی ہے جو حال میں ریاست کے دورے پر گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کل جماعتی وفد وہاں(جموں وکشمیر میں)جائزہ لینے گیا،ہماری کوشش تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا ہے،ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں کو محسوس ہوا کہ طویل بدامنی کو برداشت کرنا مشکل ہے،لوگوں کا خیال ہے کہ امن لوٹنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ہم کوشش کریں گے کہ کشمیر پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔وزیر نے کہا کہ کشمیر کی صورت حال میں بہتری ہو رہی ہے اور روزگار مہیا کرانے اور ریاست کی ترقی میں مرکز تعاون کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں چیزیں کافی کنٹرول میں ہیں،آئندہ دنوں میں کشمیر کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہوگی۔
راج ناتھ نے کہا کہ ریاست میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرانے کے لئے مرکزی حکومت نے دس ہزار خصوصی پولیس افسران(ایس پی او)کی بھرتی کے احکامات دئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی کا کام جاری ہے۔مرکزی حکومت نے بھی تمام ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز دیا ہے۔سرحد پار سے ہونے والی دراندازی پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے بھی دراندازی ہو رہی تھی لیکن 2015میں یہ کم تھی۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک دراندازی کی بات ہے تو 2016میں ان واقعات میں اضافہ ہوا ہے لیکن ساتھ ہی فوج اور نیم فوجی فورسز نے دہشت گردوں کا خاتمہ بھی کیا ہے۔کشمیری نوجوان برہانی وانی کے سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں مارے جانے کے بعد کشمیر وادی میں گزشتہ 63دنوں سے معمولات زندگی متاثرہے اور تشدد میں اب تک 73لوگ مارے جا چکے ہیں اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔

Share: